گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور متحرک

​لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنرلاہورکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر بھر میں گرانفروشوں اورمصنوعی مہنگائی پیدا کرنےوالےعناصرکےخلاف اپنےکریک ڈاؤن میں تیزی پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر سخت قانونی وانتظامی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق اسسٹنٹ کمشنرصدرڈاکٹرعابد ممتازسیال نےتحصیل صدر کے مختلف سپرمارٹس کا تفصیلی دورہ کیااوروہاں پرائس کنٹرول مہم کےتحت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اورمعیارکا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران ڈی سی کاؤنٹرزپر جاری کردہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی اور گراں فروشی ثابت ہونے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک معروف سپر مارٹ کو موقع پرسیل کردیا گیا،جبکہ مجموعی طورپرایک لاکھ دس ہزار روپے کے بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی نےواضح کیا ہے کہ زائد قیمت وصول کرنےوالےعناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام سپر مارٹس ضلعی انتظامیہ لاہورکوپابند کیا گیا ہےکہ وہ سرکاری نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈی سی کاؤنٹرز کا مقصد عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنا ہے، لہٰذا وہاں اشیاء کے معیار اور قیمتوں میں استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی جاری رہے گی اور ناقص کوالٹی یا مقررہ نرخوں سے زائد وصولی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں