سینیٹ نے اسرائیل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) 24 فروری 2026 کو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر پلوشہ کی جانب سے پیش کی گئی اسرائیل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایوان نے اسرائیلی قیادت کی جانب سے علاقائی اتحاد بنانے کے بیانات کو مسلم امہ کی وحدت کے خلاف قرار دیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کا رویہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے، اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش مسترد کی جاتی ہے۔

سینیٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاری کے پھیلاؤ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

قرارداد میں اسرائیل سے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ ایوان نے غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل کے جلد آغاز پر زور دیا اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں