خواتین کی قیادت میں کاروبار اور اسٹارٹ اپس کی برآمدی تیاری پر ایک روزہ سیمینار

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈز اینڈ اسمال انڈسٹری اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (سب ریجنل آفس حیدرآباد) کے اشتراک سے چیمبر سیکریٹریٹ میں ایک روزہ سیمینار بعنوان “Inclusion of Women-Led Businesses for Export Readiness and Business Financing for Startups” منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد خواتین کی زیرِ قیادت کاروبار کو برآمدی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اسٹارٹ اپس کے لیے مالی معاونت کے مواقع سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیمینار میں کاروباری شخصیات، خواتین انٹرپرینیورز، بینکاری شعبے کے نمائندگان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر چیمبر احمد ادریس چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی خواتین کی فعال شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آبادی کا نصف ہیں اور اگر انہیں برآمدی منڈیوں، مالی وسائل اور تربیتی مواقعوں تک مؤثر رسائی دی جائے تو ملکی برآمدات اور معیشت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد چیمبر اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SMEs) کے حقوق کے تحفظ، پالیسی سازی میں نمائندگی اور حکومتی اداروں سے روابط کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم ہے، جبکہ خواتین کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

نائب صدر شان سہگل نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایس ایم ای پالیسیز کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام بینکوں کو کاروبار کی وسعت کے لیے چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کاروبار چیمبر میں رجسٹر کروائیں تاکہ کاروباری روابط، مارکیٹ تک رسائی اور مفید پروگرامز سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے برانڈ اور لوگو کی رجسٹریشن، سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال اور پاکستان سنگل ونڈو پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کی بھی تاکید کی، جبکہ TDAP کے ساتھ منسلک ہو کر قومی و بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے مواقع حاصل کرنے کی ترغیب دی۔

ریجنل ہیڈ TDAP حیدرآباد صلاح الدین عباسی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں کاروبار کرنا چیلنجنگ ہے، تاہم TDAP چیمبرز اور جامعات کے ساتھ مل کر کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق TDAP اور مختلف بینکوں کے اشتراک سے آسان قرضہ اسکیموں پر کام جاری ہے، جن کی معلومات ایسے سیمینارز کے ذریعے عام کاروباری افراد تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو جدید اور تخلیقی کاروباری آئیڈیاز کے ساتھ آگے آنے کی دعوت دی۔

بینکنگ سیشن میں بینک الفلاح صدر برانچ کے نائب صدر غلام محمد میمن، حبیب میٹرو اسلامک بینک اور فیصل بینک کے نمائندگان نے کم مارک اپ اور آسان پراسیس کے تحت دستیاب کاروباری قرضہ اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو “میرا کام میری پہچان” اور وزیرِ اعظم لون اسکیمز سمیت مختلف فنانسنگ پروگرامز سے آگاہ کیا گیا اور سوالات کے جامع جوابات دیے گئے۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس اقدام کو بروقت اور مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے آگاہی پروگرامز کے تسلسل سے خواتین کاروباری افراد اور نوجوان اسٹارٹ اپس کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں