کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) علامہ اورنگزیب فاروقی، مرکزی صدر اہلسنّت والجماعت پاکستان نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کی آمد میں چند دن باقی رہ گئے ہیں، تاہم شہرِ کراچی میں غریب اور مستحق طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ صوبہ سندھ کے محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے تاحال کراچی کے مختلف اضلاع میں چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں کی نامزدگی نہ ہونا افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ زکوٰۃ و عشر کی عدم توجہ کے باعث ہزاروں سفید پوش اور مستحق خاندان بروقت مالی امداد سے محروم ہیں، جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رمضان المبارک رحمت، ایثار اور ہمدردی کا مہینہ ہے، ایسے میں مستحق افراد تک امداد کی بروقت فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
علامہ اورنگزیب فاروقی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں کی نامزدگی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ زکوٰۃ کی رقوم شفاف اور منصفانہ انداز میں مستحقین تک پہنچ سکیں اور ان کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ رمضان المبارک سے قبل تمام انتظامی امور مکمل کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے تاکہ مستحق خاندان باعزت انداز میں اس بابرکت مہینے کا استقبال کر سکیں۔


