کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مفت مچھلی اور کباب کھانے کی ضد اور ہوٹل مالک پر پستول تاننے والے پولیس اہلکار کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سرجانی تھانے میں تعینات پولیس اہلکار تنزیل اپنے دوستوں کے ہمراہ پاکستان بازار کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل پر پہنچا تھا، جہاں ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔
دکاندار کی مدعیت میں پاکستان بازار تھانے میں پولیس اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار تنزیل شراب کے نشے میں دھت تھا اور اپنے چار دیگر دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر مچھلی اور کباب کھانے آیا۔ مدعی کے مطابق ان پانچ افراد نے ہوٹل پر آکر کباب اور مچھلی فرائی کا آرڈر دیا، لیکن جب کھانا کھانے کے بعد ان سے رقم طلب کی گئی تو اہلکار تنزیل طیش میں آگیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیسے مانگنے پر پولیس اہلکار نے پستول تان لیا اور شور شرابہ شروع کر دیا۔ اس دوران نشے میں دھت افراد نے ہوٹل کی کرسیاں اٹھا کر پھینکنا شروع کر دیں اور ہوٹل مالک کے بھائی وحید پر تشدد کیا۔ شور و غل سن کر جب علاقہ پولیس موقع پر پہنچی تو اس سے قبل ہی ہوٹل عملے اور شہریوں نے تین افراد کو پکڑ لیا تھا جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے گرفتار اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


