کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان پرویز نے آئی جی سندھ کو خط لکھ کر رمضان المبارک کے دوران اپنے حلقہ پی ایس-98 میں سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں ارسلان پرویز نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں عوامی آمد و رفت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جس کے پیش نظر فجر کی نماز، افطار اور نمازِ تراویح کے دوران سیکورٹی اور ٹریفک کے انتظامات پر خصوصی توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے خط میں مزید کہا کہ رمضان میں اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چھیننے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ افطار کے اوقات میں ٹریفک کے دباؤ سے شہری مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں اور امن و امان متاثر ہو سکتا ہے۔
ارسلان پرویز نے مطالبہ کیا کہ:
حلقہ پی ایس-98 میں پولیس موبائلز کی تعداد بڑھائی جائے اور مؤثر گشت کو یقینی بنایا جائے۔
رمضان میں تمام مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف باقاعدہ موبائل پیٹرولنگ کی جائے۔
افطار کے اوقات میں ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں عوامی اعتماد کو مضبوط کریں گی اور امید ظاہر کی کہ آئی جی سندھ جلد متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کریں گے۔


