سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی طبیعت ناساز، فیملی ذرائع کی وضاحت

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی طبیعت ناساز ہونے پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کے بعد فیملی ذرائع نے وضاحت جاری کی ہے۔

ذرائع کے مطابق، جنرل باجوہ پھسلے نہیں تھے بلکہ دل کے برقی نظام میں خرابی کے باعث دل بلاک ہونے سے بے ہوش ہوئے۔ فیملی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور جنرل باجوہ کی طبی رازداری کا احترام کریں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، پیر 9 فروری کی شام جنرل باجوہ کی طبیعت ناساز تھی، لیکن وہ معمول کی سیر اور ورزش کے لیے گئے۔ بعد ازاں رات کو انہیں متلی محسوس ہوئی اور وہ واش روم گئے۔ قے کرنے کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے اور گر پڑے۔ اس دوران ان کے کانوں سے خون نکلتا دیکھا گیا۔

جنرل باجوہ کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

فیملی ذرائع نے زور دیا ہے کہ میڈیا اور عوام جنرل باجوہ کے بارے میں درست معلومات پر بھروسہ کریں اور کسی بھی قسم کی غلط خبریں نہ پھیلائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں