اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش میں حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی این پی کے سربراہ طارق رحمان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ یہ انتخابی عمل بنگلہ دیشی عوام کی جمہوری وابستگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے عوام کو بھی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے نئی بنگلہ دیشی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی، برادرانہ اور کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور نئی قیادت کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ علاقائی سطح پر مثبت پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی طارق رحمان کو کامیابی پر مبارکباد دی اور جمہوری شراکت داری کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔


