اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سابق قومی وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے کیونکہ ان کے بھائی عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے آکشن میں شامل نہیں کیا گیا۔
پی ایس ایل 2026 مارچ سے مئی تک نئے اور توسیع شدہ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ اس سال لیگ میں روایتی ڈرافٹ سسٹم کی بجائے پہلی بار پلیئر آکشن ماڈل متعارف کرایا گیا، جس کے تحت کھلاڑیوں کی نیلامی کی گئی۔ تاہم اس عمل کے باعث بورڈ کو تنقید کا سامنا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ مسئلہ صرف سلیکشن کا نہیں بلکہ یہ ہے کہ عمر اکمل کو آکشن کے لیے شامل ہی نہیں کیا گیا، جو ایک کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا:
“سلیکشن بعد کی بات ہے، پہلے تو عمر اکمل کو آکشن کے لائق ہی نہیں سمجھا گیا۔”
سابق کرکٹر باسط علی نے بھی عمر اکمل کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت مڈل آرڈر بلے باز ہیں اور انہیں ضرور موقع ملنا چاہیے تھا۔ انہوں نے سلیکشن کے طریقہ کار پر شفافیت نہ ہونے پر بھی سوال اٹھایا۔
کامران اکمل نے سوشل میڈیا پر بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ غیر منصفانہ نظام ہے، کیونکہ بعض کم تجربہ کار یا طویل عرصے سے غیر فعال کھلاڑیوں کو آکشن میں شامل کیا گیا، جبکہ عمر اکمل کو نظر انداز کر دیا گیا۔
اب تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔


