کوہاٹ(ایچ آراین ڈبلیو) کوہاٹ میں ایک بڑے سانحے کا خدشہ ٹل گیا جب بمبارود سے بھری مشکوک پک اپ گاڑی کو سیکیورٹی فورسز نے ہدف تک پہنچنے سے قبل ناکارہ (ڈیفیوز) کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ضلع کی تمام پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا۔ پولیس، پاک آرمی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فوری سرچ آپریشن شروع کیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں خطرناک مواد کو ناکارہ بنا کر ممکنہ تباہی روکی، جس سے سینکڑوں افراد کی جانیں محفوظ رہیں۔
ڈی پی او کوہاٹ نے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں چیک پوسٹس اور ناکہ بندی مزید سخت کی جائیں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی برقرار رکھی جائے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پک اپ ہدف تک پہنچ جاتی تو کوہاٹ کو ناقابل تلافی جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا، لیکن پولیس اور پاک آرمی کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے دشمن کے منصوبے ناکام بنا دیے۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


