کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے لیاری میں آوارہ کتوں نے تین طالبات پر حملہ کر دیا، جنہیں شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر رومانہ، انچارج ربیز سیل، نے بتایا کہ زخمی ہونے والی طالبات کی عمر 8 سے 12 سال کے درمیان ہے۔
طالبات صبح پیدل اسکول جا رہی تھیں کہ اچانک آوارہ کتوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ ڈاکٹر رومانہ نے بتایا کہ اس سال ڈاگ بائیٹ کے کیسز میں واضح اضافہ ہوا ہے اور متاثرہ بچوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔
رواں ماہ کے ابتدائی 11 دنوں میں سول اسپتال میں ساڑھے چھ سو سے زائد ڈاگ بائیٹ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر رومانہ نے کہا کہ گزشتہ روز بھی لیاقت آباد میں ایک طالبہ اسکول جاتے ہوئے آوارہ کتے کے کاٹنے کا شکار ہوئی تھی۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔


