اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو نئے قومی چارٹر میں شامل کیا جائے اور شہر میں ایک مؤثر اور بااختیار مقامی بلدیاتی نظام نافذ کیا جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما کا کہنا تھا کہ قومی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مضبوط شہری اور مقامی نظام قائم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر ایم کیو ایم نے وفاق کو غفلت کی نیند سے جگایا ہے۔
فاروق ستار نے خبردار کیا کہ اگر کراچی کے دیرینہ مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو شہر میں ملین دھرنا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کے عوام سڑکوں پر نکل آئے تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی اور مسلم لیگ (ن) کی دوست جماعت ہے، تاہم دوست ہونے کے ناطے خامیوں کی نشاندہی کرنا ضروری سمجھتے ہیں تاکہ مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔


