راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)علیمہ خانم نے کہا ہے کہ اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر واضح طور پر انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خانم نے بتایا کہ ان کی وکیل سلمان صفدر سے ملاقات ہوئی ہے، جس کے بعد انہیں شدید احساس ہوا کہ ہم سب نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے جو کچھ کیا جانا چاہیے تھا، وہ نہیں کیا جا سکا۔
علیمہ خانم کے مطابق بانی پی ٹی آئی گزشتہ تین ماہ سے مسلسل آنکھ کی تکلیف کے بارے میں آگاہ کر رہے تھے، تاہم جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے ان کے علاج کو یقینی نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ 10، 10 کیمروں کے ذریعے ان کی نگرانی کی جاتی رہی، لیکن طبیعت خراب ہونے کے باوجود بروقت اور مناسب طبی اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ لوگ جان بوجھ کر انتظار کر رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہو جائے۔ علیمہ خانم نے کہا کہ یہ طرزِ عمل نہایت تشویشناک اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
علیمہ خانم نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ان کی استدعا کو سنا اور فوری ایکشن لیا، جس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کا علاج 16 فروری سے پہلے کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں، بلکہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ علیمہ خانم کا کہنا تھا،
“ہم الٹی میٹم دے رہے ہیں، بہت تماشہ ہو گیا، ہمیں انصاف چاہیے۔”


