اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ارسال کیے گئے قرآنِ مجید کے نسخوں کی تقسیم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں ملک بھر سے ممتاز علما کرام نے شرکت کی، جہاں قرآنِ مجید کے نسخے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید کے نسخوں کا یہ تحفہ امتِ مسلمہ کے لیے نہایت بابرکت اور قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم کی اشاعت اور اس کی تعلیمات کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات اسلامی اخوت کو مضبوط بناتے ہیں اور معاشرے میں دینی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


