41

بیٹا مجھے کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے‘، پی ایس ایل میں منتخب نہ ہونے پر احمد شہزاد آبدیدہ ہو گئے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے لیے منتخب نہ ہونے پر لائیو ٹی وی شو میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔

احمد شہزاد جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں محمد عامر کے ہمراہ شریک تھے۔ میزبان تابش ہاشمی کے سوال کے جواب میں احمد شہزاد نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل میں منتخب نہ ہونے پر شدید دکھ ہے۔

انہوں نے کہا،“مجھے بہت دکھ ہوتا ہے، ساتھی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ کر خوشی بھی ہوتی ہے لیکن اپنے لیے افسردہ ہو جاتا ہوں۔”

احمد شہزاد نے جذباتی انداز میں بتایا کہ سب سے زیادہ تکلیف انہیں اس بات کی ہے کہ ان کا بیٹا انہیں میدان میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا،“میرا بیٹا اب 9 سال کا ہو گیا ہے، وہ مجھے کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے۔”

قومی کرکٹر یہ بات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے کہ ان کا بیٹا رات کو ان کے ساتھ سوتا ہے اور انہیں دلاسہ دینے کی کوشش کرتا ہے۔احمد شہزاد کے مطابق،“وہ کہتا ہے بابا مجھے یاد ہے آپ کھیلتے تھے، لیکن اب میں آپ کو اچھے طریقے سے یاد رکھ پاؤں گا۔”

احمد شہزاد نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ مجموعی طور پر خود کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم یہ بات ان کے دل میں گہرا زخم چھوڑ جاتی ہے اور انہیں شدید دکھ پہنچاتی ہے۔

ان کے اس جذباتی بیان نے سوشل میڈیا پر بھی مداحوں کو آبدیدہ کر دیا، جہاں شائقین کرکٹ کی جانب سے احمد شہزاد کے لیے نیک خواہشات اور حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں