قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی قبول نہیں، سیاست شریف لوگوں کا کام ہے

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) جمعیت علمائے اسلام پاکستان (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن و سنت کے خلاف کسی قانون کو نہیں مانا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست صرف دھاندلی یا مفاد پرستی کے لیے نہیں بلکہ قومی و ملی زندگی کی تدبیر کا نام ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہیں اکثر کہا جاتا ہے کہ “مولانا صاحب، آپ شریف آدمی ہیں، آپ کیوں سیاست کر رہے ہیں؟” ان کا کہنا تھا کہ سیاست انبیا کی وراثت ہے اور انبیا کا وظیفہ ہے، اسی لیے علما مسند سیاست پر بھی سب سے زیادہ مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منبر رسول پر بھی علما کے علاوہ کوئی کھڑا نہیں ہوسکتا۔

جے یو آئی کے سربراہ نے قانون سازی پر حکومت کے ردعمل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو قانون قرآن و سنت کے خلاف ہو، اسے اکثریت سے پاس کیا گیا تو بھی اس کی اطاعت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ ایسے قوانین کی پیروی نہ کریں اور برائی کے حجم کے مطابق ردعمل دینا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جیل اور پھانسی معمولی چیزیں ہیں، لیکن قرآن و سنت کی بالادستی کے لیے ہر سزا خندہ پیشانی سے قبول کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ آئین کے مطابق غلط قانون سازی نہ کی جائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کے مشورے کے بغیر کوئی قانون پاس نہ کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیاست میں مفاد پرست رویے اور دھاندلی عام ہو چکی ہے، لیکن صحیح اور شفاف سیاست صرف علما اور مخلص لوگوں کا کام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں