تین روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران ٹرانسپورٹ اور مسافروں کے نئے ریکارڈز قائم

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تین روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران شہر بھر میں عوام کی نقل و حمل اور سفر کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ گزشتہ تین روز میں شہر میں تقریباً 9 لاکھ گاڑیوں کی انٹری ریکارڈ کی گئی، جبکہ اورنج لائن میٹرو، میٹروبس، فیڈر بسیں، الیکٹرو بسیں اور دیگر سرکاری بسوں پر 2 روز میں تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے مفت سفر کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ نگرانی خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کی دو روزہ رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی، کمشنر، ہیلتھ، پی ایچ اے، پولیس اور سکیورٹی حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے انتظامات اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام سے اپیل کی کہ آخری روز بھی پتنگ بازی کے ایس او پیز اور قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے۔

بسنت فیسٹیول کے دوران اورنج لائن میٹروٹرین پر جمعہ کو 2 لاکھ 99 ہزار، ہفتے کو 3 لاکھ 5 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا، جس سے مجموعی طور پر 2 روز میں 6 لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے۔ میٹروبس پر 2 روز میں 2 لاکھ 78 ہزار، سپیڈو فیڈر بسوں پر 3 لاکھ 57 ہزار، الیکٹروبس فیڈر روٹس پر 30 ہزار، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی بسوں پر 60 ہزار اور گرین الیکٹرو بسوں پر 52 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا۔

لاہور میں عوام کے لیے آخری دن 419 بسیں اور 6 ہزار Yango رکشے فری رائیڈز کے لیے دستیاب ہیں، جبکہ حفاظتی اقدامات اور مقررہ سائز و معیار کے مطابق پتنگ اور ڈور کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

بسنت میلے کے آخری دن رات بارہ بجے کے بعد پتنگ بازی بند کر دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں