اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سپارکو نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، خلاء بازوں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل ہو گئی ہے اور ابتدائی اسکریننگ کے بعد دو پاکستانی امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے چین میں جامع طبی اور نفسیاتی ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں اور یہ امیدوار چائنا آسٹروناٹس سینٹر میں خلاء بازی کی تربیت حاصل کریں گے۔
ٹریننگ کے بعد ایک امیدوار اکتوبر اور دوسرا نومبر میں خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں دوطرفہ ‘خلاء باز تعاون معاہدے’ پر دستخط ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تاریخی معاہدہ وزیرِ اعظم پاکستان کی قیادت اور معاونت کے تحت طے پایا، جس نے پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنایا۔
چین نے اپنے خلاء باز پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور چین کی حمایت کا مظہر ہے۔


