ڈی 8 ممالک کے وفد کی پونچھ ہاؤس آمد، مریم اورنگزیب کا پرتپاک استقبال

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ترقی پذیر اسلامی ممالک کے گروپ ڈی 8 کے رکن ممالک پر مشتمل وفد پونچھ ہاؤس پہنچ گیا، جہاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مہمان وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

وفد میں بنگلادیش، مصر، ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائجیریا، ترکیہ اور آذربائیجان کے نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر مندوبین نے پنجاب کے ثقافتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافت کے تحفظ و فروغ کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔

ڈی 8 کے مندوبین نے اپنے دورۂ لاہور کے دوران واہگہ بارڈر، شالیمار باغ، مزارِ اقبال، بادشاہی مسجد، حضوری باغ اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ان مقامات کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مہمان وفد نے مختلف شعبوں میں پنجاب کی نمایاں پیش رفت اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر وفد نے باہمی خیرسگالی، تعاون اور دوستانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں