اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی رکن کانگریس اور کانگریس میں پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین ٹام سوازی نے اسلام آباد کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش حملے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ٹام سوازی نے کہا کہ اسلام آباد کی مسجد میں خودکش حملے کی خبر سن کر انہیں شدید صدمہ پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران انہیں آگاہ کیا گیا تھا کہ برکینا فاسو کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گرد حملے پاکستان میں ہوتے ہیں۔
ٹام سوازی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سن کر دل دہل جاتا ہے، اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے تمام اقوام کو مل کر دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو مسترد کرنا اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دریں اثنا، امریکی رکن کانگریس گریگری میکس نے بھی مسجد خدیجۃُ الکبریٰ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو محفوظ اور آزادانہ طور پر عبادت کرنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔
امریکی اراکینِ کانگریس کے بیانات کو پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


