اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت اور طبی سہولتوں کا جائزہ لینے کے لیے پمز اور پولی کلینک اسپتال کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے اسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کے علاج اور سہولیات سے متعلق بریفنگ لی۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پمز اسپتال میں زیرِ علاج 121 زخمیوں میں سے 25 کی حالت تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہترین ممکنہ علاج کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا جو ہنگامی صورتحال میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔


