لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور میں بسنت کا میلہ شروع ہونے کو ہے اور شہر بھر میں رنگ فضا میں بلند ہونے کے لیے تیار ہیں۔ لاہور پولیس نے سکیورٹی کے مکمل انتظامات کر لیے ہیں اور پتنگ بازی کل سے اگلے تین دن تک جاری رہے گی۔ تقریباً 10 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شادمان، مزنگ، موچی گیٹ اور مال روڈ کے علاقوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں اور کیمیکل، دھاتی اور پلاسٹک ڈور پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ اور لاؤڈ اسپیکر پر بھی سخت کارروائی ہوگی اور مرتکب افراد کو جیل بھیجا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گزشتہ 34 دنوں میں پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1777 مقدمات درج کیے گئے اور 1872 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 1 لاکھ 2 ہزار 907 غیر قانونی پتنگیں برآمد کی گئیں جبکہ 32 غیر قانونی پتنگ اور ڈور بنانے والی فیکٹریاں سیل کی گئیں۔ دیگر اضلاع سے غیر قانونی پتنگوں اور ڈور کی ترسیل بھی ناکام بنائی گئی۔ پابندی کے باوجود گڈی اڑانے والے 1547 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
فیصل کامران نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر ناکہ بندی جاری رہے گی اور بسنت کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پتنگ بازی کو خطرہ بنانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔


