59

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ایم کیو ایم اور جماعتِ اسلامی پر کڑی تنقید

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں نے کراچی کو اپنی جاگیر سمجھ رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چند افراد کے حقوق دلانے کے نام پر لاکھوں شہریوں کے حقوق غصب کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شارعِ فیصل پر چند سو لوگوں کا احتجاج کرا کے لاکھوں شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کیا گیا۔ امیر جماعتِ اسلامی منعم ظفر کے خلاف وزیرِ داخلہ کی جانب سے نوٹس لینے اور ایف آئی آر درج ہونے پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔

مرتضیٰ وہاب نے واضح الفاظ میں کہا کہ “میں کھل کر کہتا ہوں، جماعتِ اسلامی والے منافق ہیں۔” ان کے مطابق کراچی کے نو ٹاؤنز جماعتِ اسلامی کے زیرِ انتظام ہیں، مگر وہاں عوامی خدمت کے بجائے صرف احتجاجی سیاست کی جا رہی ہے۔

انہوں نے گل پلازہ سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہ وزیرِ اعظم تعزیت کے لیے آئے، نہ ہی وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال وہاں پہنچے۔

میئر کراچی نے ایم کیو ایم کو پیشکش کی کہ وفاق سے ملنے والے 20 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی اسکیموں کی پی ڈی ڈبلیو پی منظوری کے لیے وہ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اختلاف صرف اصولی ہے — “اگر مصطفیٰ کمال اپنے دور میں وفاقی فنڈز استعمال کر سکتے ہیں تو پھر مرتضیٰ وہاب کیوں نہیں؟ اصول ایک ہونا چاہیے۔”

انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کی ترقی کا سال ہے، شہر میں 46 ارب روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ازسرِ نو تعمیر کی گئی **غالب لائبریری** (جس کی لاگت 15 کروڑ روپے ہے) کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

📢 ہماری آزاد صحافت کے تسلسل کے لیے آپ کا تعاون ضروری ہے۔
ہمیں سپورٹ کریں: 👉 hrnww.com/support-us

اپنا تبصرہ بھیجیں