لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سنگین واقعات پر “مٹی پاؤ” کی پالیسی کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب پنجاب کی بیٹیوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہنستا بستا گھر اجاڑنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ان کا مشن ہے۔
سانحہ بھاٹی گیٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سعدیہ اور ان کی معصوم بچی کے زخم دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، یہ زخم صرف ایک خاندان کے نہیں بلکہ پورے پنجاب کے ماتھے پر لگے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کسی بھی سنگین واقعے پر پردہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد سانحہ بھاٹی گیٹ کے مقام کو ’ڈیتھ ٹریپ‘ سے محفوظ زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سائٹ کو جدید سیفٹی پروٹوکولز سے ڈھانپ دیا گیا ہے اور حفاظتی انتظامات کے بغیر کسی بھی قسم کے کام پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ بھاٹی گیٹ کی تفتیش اب صرف نجی کمپنی تک محدود نہیں رہی بلکہ نااہل افسران کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حادثے میں جاں بحق خاتون اور بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیس مزید تیزی سے آگے بڑھنے کا امکان ہے۔


