کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پیپلزپارٹی پر دوغلی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
زاہد ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی 2012 میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرچکی ہے، جب انہوں نے صوبہ بہاولپور کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبے کے لیے پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد کی حمایت کی تھی۔ تاہم اب پی پی پی سندھ اور کراچی کے حوالے سے ایک دوہرا معیار اپنا رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوامی مسائل میں سنجیدہ ہونے کے دعوے کے باوجود پیپلزپارٹی انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کیوں کر رہی ہے۔ زاہد ملک نے کہا کہ 13 سال بعد نئے صوبوں پر یوٹرن لینا پیپلزپارٹی کی سیاسی منافقت ہی کہی جاسکتی ہے، اور جو چیز پنجاب کے لیے اچھی ہے وہ سندھ اور کراچی کے لیے کیوں بُری قرار دی جاتی ہے۔
زاہد ملک نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی 17 سال سے سندھ میں اور پی ٹی آئی 13 سال سے خیبرپختونخوا میں اقتدار میں ہیں، لیکن دونوں جماعتوں کی کارکردگی صفر ہے اور اپنی نااہلی کا الزام وفاق پر ڈال رہی ہیں۔
یہ بیانات ایم کیو ایم کی طرف سے پیپلزپارٹی کی حالیہ موقف پر سخت تنقید کے طور پر سامنے آئے ہیں۔


