کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر کے علاقے میں واقع پائلٹ نمبر GK-3/49 پر غیر قانونی طور پر بینک کی تعمیر کی اجازت دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر علاقے کے مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر بغیر منظور شدہ نقشے اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر بینک کی تعمیر کی اجازت دی گئی ہے، جو واضح طور پر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ رہائشی پلاٹ کو کمرشل سرگرمی کے لیے استعمال کرنے سے ٹریفک کے مسائل، سیکیورٹی خدشات اور دیگر شہری مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ اداروں کی ملی بھگت کے باعث غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔
شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور غیر قانونی بینک کی تعمیر کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے۔


