بسنت کے دوران شہریوں کی جانوں کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)بسنت کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر بھر میں سخت چیکنگ اور بلاامتیاز کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی ایکشن کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ کی ڈور سے شہریوں کو بچانے کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت موٹر سائیکل پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بسنت کے اجازت یافتہ دنوں میں بغیر سیفٹی وائر موٹر سائیکل چلانا قانوناً جرم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ موٹر سائیکل بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔ سیفٹی وائرز کے بغیر موٹر سائیکل سواری پر مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل کامران کے مطابق کیمیکل اور دھاتی ڈور کے خلاف بھی مسلسل اور سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی جانب سے مفت سیفٹی راڈز کے کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر سیفٹی راڈز لگوائیں اور اپنی جان کو محفوظ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت خوشی کا تہوار ہے، تاہم ذرا سی لاپرواہی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ بسنت کے دوران حادثات کی روک تھام شہریوں کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں