اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دائیں آنکھ کے معائنے کی تصدیق کرتے ہوئے علاج سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
جاری بیان میں رانا عمران سکندر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو چند روز قبل طبی معائنے کے لیے پمز ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں انہوں نے دائیں آنکھ میں بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی۔ ان کے مطابق بعد ازاں سینئر ڈاکٹر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق سینئر ماہرِ چشم نے بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کے تمام ضروری ٹیسٹ تفصیلی طور پر کیے اور طبی رپورٹس کی روشنی میں علاج سے متعلق سفارشات مرتب کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام اقدامات معیاری طبی اصولوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔


