راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)قائد حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بیماری کو کارکنوں کے ذہنوں میں ڈال کر تحریک کو اپنے اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے بتایا کہ 8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
محمود اچکزئی نے عوام سے اپیل کی کہ 8 فروری کو دکانیں اور کاروبار بند رکھیں جبکہ ٹرانسپورٹ تنظیمیں بھی احتجاج میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور اسی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
قائد حزبِ اختلاف نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین اسٹریٹ موومنٹ چلا رہے ہیں، جو عوامی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہی ہے۔


