لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ، داتا دربار کے قریب کھلے سیوریج مین ہول میں ماں بیٹی کے گرنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا، جس نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اس واقعے کو “فیک” قرار دیا تھا، تاہم ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے تصدیق کی ہے کہ خاتون سعدیہ کی لاش آؤٹ فال روڈ ڈسپوزل سے برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ اس کی معصوم بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 1122 کو کال موصول ہوتے ہی تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا اور پورے واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کی گئیں۔ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ خاتون کے شوہر کے بیان کردہ تمام نکات درست تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی کی تلاش جاری ہے اور تمام متعلقہ ٹیمیں علاقے میں آپریشن کر رہی ہیں تاکہ کمسن بچی کو محفوظ نکالا جا سکے۔


