56

کراچی: ایس بی سی اے کا شہر بھر میں فائر سیفٹی معائنوں کا آغاز، خلاف ورزی پر عمارتیں سیل کرنے کی وارننگ

**کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے کراچی میں رہائشی و کمرشل عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں شہر کی 35 اہم عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کے مطابق، ان معائنوں کا مقصد عمارتوں میں نصب فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی سسٹمز کی فعالیت کو یقینی بنانا ہے۔ معائنے کے دوران جن عمارتوں میں حفاظتی انتظامات ناقص پائے گئے، انہیں فوری طور پر اصلاحی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ مقررہ وقت کے اندر فائر فائٹنگ آلات کی تنصیب اور حفاظتی اقدامات مکمل نہ کرنے والی عمارتوں کو سیل کر دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر مزمل حسین ہالیپوٹو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی (KMC) کے سروے میں شامل 266 عمارتوں سمیت دیگر بڑی عمارتوں کو بھی نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ جنوری 2024 میں بھی بلڈرز اور مالکان کو ہدایات جاری کی گئی تھیں، کیونکہ فائر سیفٹی یقینی بنانا بلڈرز، مالکان اور یونینز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایس بی سی اے بطور ریگولیٹری اتھارٹی، کے ایم سی اور سول ڈیفنس کے ساتھ مل کر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اس آپریشن کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں