**کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ایک اور قیمتی جان نگل لی۔ نارتھ کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان محمد عسکری جاں بحق ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق، ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ مزاحمت پر انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر محمد عسکری موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ وہاں سے گزرنے والا ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ زخمی راہگیر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جائے وقوعہ کے گرد و نواح میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔


