کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے ٹاؤن چیئرمینوں کا اہم اور پالیسی نوعیت کا اجلاس منعقد ہوا، جس کا آغاز سانحہ گل سینٹر میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ، افسوس اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت سے کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی صوبائی حکومت کی پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر بلدیاتی نظام میں اصلاحات، مالی خودمختاری اور ادارہ جاتی بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ منتخب بلدیاتی ادارے عوامی خدمت کا مضبوط ذریعہ بنیں اور ان کی کارکردگی عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے طور پر نظر آئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹاؤنز کو حکومت سندھ اور ورلڈ بینک کے تعاون سے اضافی ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہری انفرااسٹرکچر میں پائیدار بہتری لائی جا سکے۔


