لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ملک میں قیمتی دھاتوں کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ فی تولہ سونا 4 ہزار 300 روپے کے بڑے اضافے کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے، جو پانچ لاکھ روپے کے قریب ہے۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار 686 روپے کے نمایاں اضافے سے بڑھ کر 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز بھی سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جب فی تولہ سونا 7 ہزار 500 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 89 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچا تھا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، چاندی کی فی تولہ قیمت 87 روپے کے اضافے سے 9 ہزار 869 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔


