پنجاب میں سہولت بازار: سستی اشیاء اور ہزاروں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے رہنمائی میں سہولت بازار پراجیکٹ عوام کے لیے سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی اور بے روزگار افراد کے لیے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے سہولت بازار پراجیکٹ کے تحت اب تک 55 ہزار خاندانوں کے گھروں میں چولہے جلنے لگے ہیں۔ پنجاب بھر میں 46 سہولت بازاروں کے قیام سے تقریباً 9,200 افراد کو روزگار ملا ہے۔

سہولت بازاروں میں ایک سال کے دوران ساڑھے 8 کروڑ افراد نے خریداری کی اور ساڑھے 42 کروڑ روپے کی اشیاء خریدی گئیں۔ یہاں سبزیوں، پھلوں اور دیگر 13 اہم اشیائے خورد و نوش کی ہول سیل نرخ پر فراہمی کی جاتی ہے جس سے عوام کو تقریباً 11 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیرآباد، چونیاں، جڑاں والا، چنیوٹ، خانیوال، بھلوال، پتوکی، اوکاڑہ اور مظفر گڑھ میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے 30 جون تک مزید 30 نئے سہولت بازار مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کر دیا ہے۔

محترمہ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سہولت بازاروں کو پنجاب کی ہر تحصیل میں قائم کرنے کے اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء آسانی سے میسر ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں