حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)عظیم روحانی ہستی،عارفِ باللہ،حضرت شاہ محمد شفیع مائل رحمۃُ اللہ تعالیٰ علیہ کا عظیم الشان 52واں سالانہ عرسِ مبارک دربارِ عالیہ مائلیہ شریف امانی شاہ کالونی یونٹ نمبر 11لطیف آباد، حیدرآباد، سندھ میں جگر گوشہ شاہ مائل سجادہ نشینِ دربارِ عالیہ مائل شریف حضرت صاحبزادہ محمد خالد الرؤف القادری کی زیرصدارت منعقد ہواجس سے ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر صدرجمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج عظیم الشان معجزہ ہے جواللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ اورحضوراکرم ﷺ کےمقامِ بلند کی روشن دلیل ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف ایمان کوتقویت دیتا ہے بلکہ انسان کو روحانی بلندی، اخلاقی اصلاح اور فکری رہنمائی کا پیغام بھی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معراج کے ذریعے نماز جیسی عظیم عبادت کا تحفہ ملا جو امت مسلمہ کے لیے روحانی تربیت اور عملی زندگی کی بنیاد ہے۔ یہ واقعہ جدید علوم سے آگہی، سائنسی شعور اور فکری ترقی کی طرف توجہ دلاتا ہے اس موقع پر انہوں نے حضرت شاہ محمد شفیع مائل القادری رحمۃ اللہ علیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صاحبِ عرس ایک باعمل صوفی، صاحبِ کردار بزرگ اور عاشقِ رسول ﷺ تھے۔ آپ کی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، اصلاحِ امت اور محبت و اخلاص کے فروغ کے لیے وقف رہی۔ آپ کی تعلیمات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ واقعہ معراج کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، نماز کی پابندی کریں، علم و اخلاق کو فروغ دیں اور اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کو مضبوط کریں۔عرس کی تقریب حضرت قبلہ سائیں اویس شاہ جی رزاقی اورحضرت قبلہ صاحبزادہ پیر قمر القادری کی زیر سرپرستی منعقد ہوئی جس میں سمیت،حاجی گلشن الٰہی قادری فریدی، پیر ابرار الانبیاء، پیر سید فرید کمبل پوش فریدی، پیر سید ثروت علی شاہ کمبل پوش فریدی، پیر عبدالستار،پیر نادر علی ریاستی، پیر عبدالرشید، پیر صغیر شاہ، پیر کامران نیز، صاحبزادہ حافظ محمد اسامہ چشتی، صاحبزادہ رافع چشتی، کامران زبیری، علی ریحان زبیری، پیر علی غوری،ناظم علی آرائیں،ارشاد نقشبندی،علامہ محبوب احمد زبیری،عبدالمالک،عادل ریحان سمیت ملک بھر سے علماء، مشائخِ عظام، پیرانِ کرام اور سیاسی و سماجی شخصیات نے عقیدت و محبت کے ساتھ شرکت فرمائی محفل کے اختتام پردرود و سلام کی روح پرور فضاؤں میں سجادہ نشینِ دربارِ عالیہ مائل شریف حضرت صاحبزادہ محمد خالد الرؤف نے عالمِ اسلام، بالخصوص پاکستان اور جملہ زائرین، معتقدین و محبین کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔
89


