50

بچوں کو ورغلا کو زیادتی کرنے دو درندے گرفتار، 100 سے زیادہ جرائم کا اعتراف

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو ایسے خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو کم عمر معصوم بچوں کو لالچ اور دھوکا دہی کے ذریعے ورغلا کر موٹر سائیکل پر اپنے ساتھ لے جاتے تھے اور ان کے ساتھ سنگین جرائم کا ارتکاب کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش متعدد کم عمر بچوں کے ساتھ جرائم کا اعتراف کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں پہلے سے مقدمات درج ہیں، جبکہ دیگر مقدمات میں گرفتاری کا عمل بھی جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا جا رہا ہے اور کیسز کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ بچوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جا سکے۔
پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں، اجنبی افراد سے دور رہنے کی تلقین کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں۔
شہریوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے تاکہ معاشرے میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں