اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کر دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کی سہولت کاری کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عوامی مہم سے خوفزدہ ہو کر الزامات لگائے جا رہے ہیں، دہشتگردی قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ گزشتہ 2 سے 3 سال میں دہشتگردی میں اضافہ موجودہ حکمرانوں کی ناکامی ہے، خیبر پختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں، صوبے کے نمائندوں پر دہشتگردی کا الزام بزدلانہ عمل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ بھی حکومت نااہلی کا واضح ثبوت ہیں، ریکارڈ ترسیلات زر حکومتی کارکردگی نہیں عوامی مجبوری کا نتیجہ ہیں۔
’خیبر پختونخوا میں تعلیم کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ پی ٹی آئی کا کارنامہ ہے۔ پنجاب حکومت نے صحت کارڈ جیسی سہولت بند کر کے عوام سے حق چھینا۔ خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیز کا مالی بحران وفاقی ایچ ای سی کی فنڈز بندش کا نتیجہ ہے۔‘
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی سے استثنیٰ لے رکھا ہے یہ دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں اور دہشتگردوں کو پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کی زاہد خان کے ہمراہ دھواں دھار پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے، تحریک انتشار کے ترجمان دہشتگردوں کے خلاف بات کرتے ہوئے گھبراتے ہیں، اگر بہادر ہیں تو کیوں ٹھس ہو جاتے ہیں؟


