لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تنظیم تحفظ مساجد اہل سنت کے زیر اہتمام جوبلی ٹاؤن لاہور میں ”لبیک یا اقصیٰ و تحفظ حقوقِ اہل سنت کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: حقوقِ اہل سنت کے تحفظ کا مدار عقائد اہل سنت کے تحفظ پر موقوف ہے۔ بعض کالعدم تنظیمیں مساجد اہل سنت پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کر کے ملک میں انتشار کو ہوا دے رہی ہیں۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی قدس سرہ العزیز کی برحق تعلیمات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔ فکرِ رضا ہمارا ریڈ زون ہے۔ یہودی صیہونی للچائی ہوئی نظروں سے حرمین شریفین کی طرف دیکھ رہا ہے۔ غزہ کی تباہی بہت بڑا انسانی المیہ ہے جس میں بہت سے مسلم حکمران بھی امریکہ کے زیرِ اثر ہونے اور اسرائیل سے دوستی کی وجہ سے شریکِ جرم ہیں۔ فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی روک تھام اور ان کے گریٹر اسرائیل کے خواب کو چکنا چور کرنے کے لیے سعودی عرب کو اپنی پالیسی بدلنا نہایت ضروری ہے۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ قاری محمد زوار بہادر صاحب نے کہا: حقوقِ اہل سنت کے تحفظ کے لیے ہمیں جہاں بھی بلایا جائے گا، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بھارت یاد رکھے ہمارے فوجی جوان شوقِ شہادت سے سرشار ہیں۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سربراہ مولانا محمد شاداب رضا قادری نے کہا: فلسطینی مظلوم ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اگر قانونی طور پر ہمارے حقوق نہ دیے گئے تو ہم حقوقِ اہل سنت چھیننا بھی جانتے ہیں۔ کانفرنس کی انتظامی کمیٹی میں الحاج محمد لطیف مرتضائی، مولانا محمد سلیم رضوی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، ظفر یوسف، صاحبزادہ محمد حامد مصطفی جلالی اور دیگر احباب موجود ہیں جبکہ مفتی محمد ارشاد احمد جلالی، مولانا محمد تصدق حسین نورانی، سردار محمد طاہر ڈوگر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


