اسلام آباد پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری آگاہی مہم

سہالہ(ایچ آراین ڈبلیو)آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری آگاہی مہم کے تحت تھانہ کرپا کے ایس ایچ او ذوالفقار علی نے کیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (CUST) میں منشیات کے انسداد سے متعلق ایک جامع آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ سیشن کا مقصد نوجوان طلبہ کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے تباہ کن اثرات اور قانونی نتائج سے آگاہ کرنا تھا۔آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او ذوالفقار علی نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل کے لیے ایک خاموش زہر ہیں جو نہ صرف افراد کی جسمانی و ذہنی صحت کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ تعلیمی زوال، خاندانی مسائل اور معاشرتی بگاڑ کا بھی باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے نوجوان اپنے مستقبل، کیریئر اور زندگی کے قیمتی مواقع ضائع کر دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس نوجوانوں کو منشیات کے جال سے بچانے کے لیے تعلیمی اداروں میں مسلسل آگاہی پروگرام منعقد کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو بروقت شعور دیا جا سکے۔ ایس ایچ او ذوالفقار علی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں بلکہ اپنے دوستوں اور اردگرد کے ماحول میں بھی منشیات کے خلاف مؤثر کردار ادا کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔آگاہی سیشن کے دوران طلبہ کو منشیات کی مختلف اقسام، ان کے مضر جسمانی، نفسیاتی اور سماجی اثرات، نشے کی لت سے پیدا ہونے والے مسائل اور منشیات سے متعلق قوانین و سزاؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر طلبہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ منشیات میں ملوث عناصر نہ صرف قانون کی گرفت میں آتے ہیں بلکہ ان کا سماجی وقار بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔طلبہ نے اسلام آباد پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگاہی سیشنز نوجوانوں کو درست سمت فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں