لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) نومسلم بھارتی خاتون نور حسین (سابقہ نام سربجیت کور) کو آج پاکستان سے ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاتون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور 4 نومبر 2025 کو بابا گورو نانک کا جنم دن منانے کے لیے پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں کے ساتھ پاکستان پہنچی تھیں۔ قیام کے دوران انہوں نے 5 نومبر 2025 کو اسلام قبول کیا اور مقامی شہری ناصر حسین سے نکاح کر لیا، جس کے بعد ان کا نام نور حسین رکھا گیا۔
بھارتی یاتریوں کی وطن واپسی کے بعد 13 نومبر کو خاتون کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا، جبکہ ان کا ویزہ 14 نومبر 2025 کو ختم ہو چکا تھا۔ ویزہ مدت ختم ہونے پر امیگریشن قوانین کے تحت ان کی ڈی پورٹیشن کا عمل شروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ سردار مہیندرپال سنگھ نے بھارتی خاتون کی ڈی پورٹیشن کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی، تاہم عدالتی حکم سے قبل ہی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سربجیت کور اور ان کے شوہر ناصر حسین کو دو روز قبل ننکانہ صاحب کے علاقے گاؤں پہرے والی سے پولیس اور انٹیلی جنس حکام نے کارروائی کے دوران حراست میں لیا تھا۔ تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد بھارتی خاتون کو آج واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔


