مردان(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ یوتھ آ فس مردان اورغیر سرکاری تنظیم ہیومن کیئر فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کی فنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے شروع کیے گئے تین ماہ پر مشتمل اسکل فیز پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے موقع پر آج ریڈنگ کلب مردان میں ایک پروقارتقریب منعقدہوئی۔تقریب کےمہمانِ خصوصی ہیومن کیئرفاؤنڈیشن فواداحمد اورگورنمنٹ پوسٹ ریجویٹ کالج تخت بھائی کے پرنسپل محمد ابرار تھے، جنہوں نے نوجوانوں میں ہنر مندی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب میں جائیداد ڈاٹ کام کی اکاونٹ آفیسر بسمہ سمیع کو ایڈیٹنگ تین ماہ کورس مکمل کرنے پر خصوصی اسناد سے نوازا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل محمد ابرار نے کہا کہ موجودہ دور میں ہنر کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اگر اس طاقت کو مثبت سمت میں استعمال کیا جائے اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کیے جائیں تو ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا نوجوان ہی ہمارا کل کا مستقبل ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی ادارے اور فلاحی تنظیمیں مل کر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔تقریب سے ہیڈ آف آرگنائزنگ کمیٹی ہیو من کیئر فاؤنڈیشن فواد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیو من کیئر فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو صرف ڈگری یافتہ نہیں بلکہ ہنر مند بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر کے بغیر انسان ادھورا ہے اور آج کے دور میں روزگار کے مواقع انہی افراد کو ملتے ہیں جو کسی نہ کسی فنی مہارت کے حامل ہوں۔ فواد احمد نے مزید کہا کہ ہمارا ادارہ نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے عملی تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ معاشرے کے دیگر افراد کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سیکھے گئے ہنر کو عملی زندگی میں بروئے کار لائیں اور مایوسی کے بجائے محنت اور جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں۔سابق ڈپٹی ہیڈ آف آرگنائزنگ کمیٹی ہیو من کیئر فاؤنڈیشن محمد مرتضیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل ورک ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینا نہایت ضروری ہے تاکہ ایک پڑھا لکھا ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا اور ذمہ دار انسان بھی تیار ہو سکے۔ڈائریکٹر مردان عائشہ امتیاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیومین کیئر فاؤنڈیشن گزشتہ چار سالوں سے نوجوانوں اور طلبہ کو لیڈر شپ، آئی ٹی، انگلش لینگویج، سوشل میڈیا، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور دیگر جدید کورسز بالکل مفت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ ادارہ مختلف فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے تاکہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو سہارا دیا جا سکے۔آخر میں مہمانانِ خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ شرکاء نے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کو نوجوانوں کے لیے خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیا۔


