لاہور(ایچ آراین ڈبلیو ) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کے والد گرامی عظیم صوفی الحاج محمد غلام سرور گوندل جلالی کے دوسرے سالانہ ”ختم شریف“ کے موقع پر سرائے سرور بھکھی شریف، مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور اور دیگر مقامات پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ الحاج صوفی غلام سرور گوندل جلالی نے ایک طویل عہد تک لوگوں کو زیورِ علم سے آراستہ کیا۔ وہ حضڑت پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قادری قدس سرہ العزیز کے مرید کامل تھے۔ اس وجہ سے ان میں شریعت پر عمل کا جذبہ کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا تھا۔ غیر شرعی امور اور فیشن پرستی کی وہ بہت شدت سے روک تھام کرتے تھے۔ وہ عقیدہئ اہل سننت پر کمپرومائز نہ کرنے والے صوفی تھے۔ غیر شرعی رسوم سے ان کی طبیعت کو بڑی چڑھ تھی۔ انہہوں نے صرف اپنی اولاد ہی کی تربیت نہیں کی بلکہ ہزاروں خاندانوں کے سپوت ان کی محنت اور توجہ سے راہ راست سے بھٹکنے سے محفوظ ہو گئے۔ وہ عصری علوم کے طلباء کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں اور خصوصا موسم سرما کے دوران رات کو تعلیم و تربیت کیمپ کا سالانہ بغیر کسی فیس کے انعقاد کرتے تھے جس میں سردی کی راتوں میں رات گئے تک، پھر نماز تہجد، نماز فجر اور اس کے بعد تک تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری رہتا۔


