ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا دورہ کراچی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جمعیت علماء پاکستان (جے یو پی) اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے ملکی سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر کراچی کا اہم دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ملک کی مجموعی صورتحال، اتحادِ اہلِ سنت اور کراچی کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر مختلف مذہبی و سیاسی رہنماؤں سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت میں ایک وفد نے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمٰن سے ملاقات کی۔ وفد میں صاحبزادہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری، علامہ عقیل انجم قادری اور قاضی احمد نورانی شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی حالات، دینی اداروں کے کردار اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں جے یو پی اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ نے سنی تحریک کے مرکزی صدر ثروت اعجاز قادری سے مرکزِ اہلِ سنت میں ملاقات کی، جہاں پولیس کارروائی کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کی مبینہ پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے مکمل اخلاقی و تنظیمی حمایت کا یقین دلایا۔اس ملاقات میں جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی احمد نورانی، جے یو پی سندھ کے صدر علامہ عقیل انجم قادری، جے یو پی کراچی یوتھ ونگ کے صدر راؤ عبد الرحمٰن، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری، مرکزی کوآرڈینیٹر محمد طیب حسین قادری، کراچی ڈویژن کے انفارمیشن سیکریٹری عمران قادری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔دورے کے اختتام پر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، قاضی احمد نورانی اور ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے ٹبہ ہسپتال کراچی میں جمعیت علماء پاکستان سندھ کی عاملہ کے رکن اور سابق ایم پی اے جناب عبدالرحمٰن راجپوت کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں