کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ناظم آباد نمبر 2 میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور سرکاری ہدایات اس پر اثر نہیں ڈال پا رہیں۔ ذرائع کے مطابق پلاٹ نمبر 2-F-8/17 پر قائم عمارت میں قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے، جسے بااثر بلڈر اور اس کے مبینہ سہولت کار سرپرستی فراہم کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) تا سلیم کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور کام روکنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، لیکن سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے بعض اہلکار دن دہاڑے قوانین کی خلاف ورزی دیکھ کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق کارروائی کے نام پر وقتی رکاوٹیں ڈال کر بعد ازاں تعمیراتی کام دوبارہ شروع کروا دیا جاتا ہے۔
تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ منظور شدہ نقشے کے برعکس اضافی فلورز اور توسیعی کام جاری ہے، جس سے شہری منصوبہ بندی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اطراف کی عمارتوں اور رہائشیوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار بلڈر اور مبینہ ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے روکا جا سکے۔


