77

ڈاکٹر فاروق ستار کی نیوز کانفرنس: کراچی بچاؤ اور معیشت پر ایم کیوایم پاکستان کی پالیسی واضح

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے 2026 کے لیے عوام کی توقعات اور کراچی کی ترقی کے حوالے سے نیوز کانفرنس میں اہم موقف اختیار کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سال 2025 میں پارٹی نے “معرکہ حق” میں کامیابی حاصل کی، اور 10 مئی 2025 کو تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیرا اور حکومت پاکستان کے ساتھ عوام کو دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب اگلا بڑا معرکہ معیشت ہے اور فیلڈ مارشل نے تعمیروترقی کی رفتار بڑھانے کا عزم کر لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملکی بقاء اور سلامتی کراچی سے وابستہ ہے اور پاکستان کو بچانے کے لیے پہلے کراچی کو بچانا ہوگا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا، اس کے باوجود شہر کا ٹیکس اور ایکسپورٹ زیادہ تر کراچی سے آ رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیوایم پاکستان نے “کراچی بچاؤ مہم” کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ڈمپرز، کھلے گٹر اور تعمیروترقی کے فقدان کی وجہ سے انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ تعلیمی شعبے میں بھی مشکلات موجود ہیں، جیسے ایم ڈی کیٹ اور بورڈ امتحانات کے نتائج میں پیچیدگیاں اور کوٹہ سسٹم، جس کی وجہ سے بچوں کا داخلہ مشکل ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کراچی کے اسٹیک ہولڈرز، تاجروں، صنعتکاروں، دیگر سیاسی جماعتوں اور اساتذہ کے ساتھ ملاقاتیں کرے گی اور تجاویز لے کر کل جماعتی و شعبہ جاتی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان صرف کراچی سے کام کرے گی، اور یہ جماعت متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔ ایم کیوایم کے بانی سے علیحدگی کے بعد پارٹی اپنے بیانیے پر قائم ہے اور کسی بھی سابقہ ساتھی کے بیانیے پر رائے نہیں دے سکتی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر عمران فاروق کے شہادت کے معاملے پر کہا کہ دو حکومتوں کے درمیان تفتیش ہوئی اور معاملہ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئین، پاکستان، افواج پاکستان اور ریاست کی پالیسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں