16 سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی اور بلیک میلنگ، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا فوری نوٹس

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)چوہنگ کے علاقے میں 16 سالہ طالبہ کے ساتھ زیادتی کے بعد ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ طالبہ کے گھر کا دورہ کیا۔

حنا پرویز بٹ نے متاثرہ طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، واقعے کی تفصیلات سنی اور انہیں مکمل قانونی و تحفظاتی معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی انصاف کی فراہمی تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

پولیس حکام نے چیئرپرسن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچی کو ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنے کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنا اور ہراساں کرنا سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی لڑکی بلیک میلنگ کا شکار ہو، وہ خوفزدہ نہ ہو بلکہ فوراً آواز اٹھائے، کیونکہ حکومت اور قانون اس کے ساتھ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں