کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لانڈھی کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک افسوسناک واقعے میں رکشے میں بیٹھی 17 سالہ لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی، جبکہ رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت کومل کے نام سے ہوئی ہے، جو انٹرمیڈیٹ کی طالبہ اور دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔ اہلِ خانہ کے مطابق کومل اپنی والدہ کے ہمراہ نانی کے گھر سے واپس آ رہی تھی کہ چراغ ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی اس کے سینے میں آ کر لگی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
فائرنگ کے واقعے میں رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہوا، جسے بازو میں گولی لگی۔ واقعے کے وقت علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ جاری تھا، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کس تھانے کی حدود میں ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں درجنوں افراد جمع ہو گئے۔ کومل کے اہل خانہ، جن میں اس کے چچا بھی شامل تھے، شدید صدمے سے نڈھال نظر آئے۔
اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


