پاکپتن/عارفوالا(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں اور مسافروں کو محفوظ، صاف اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اور عوامی مقامات پر سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے عارف والا جنرل بس اسٹینڈ، شہر کے مختلف بازار، سہارا مارکیٹ اور محلہ مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انتظار گاہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہر کی مجموعی صفائی، تجاوزات اور انتظامی نظم و ضبط کا جائزہ بھی لیا اور نئے سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کے لیے رہائشی علاقوں سے دور مناسب جگہ کے انتخاب کی ہدایات دی گئیں۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل نمبر 34 میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کا عمل مؤثر، تسلسل کے ساتھ اور مقررہ معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہری سہولیات میں بہتری، صفائی کے نظام کی مضبوطی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


