گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کے نام جاری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کے نام جاری کر دیے گئے اور خبردار کیا 16 جنوری سے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کے نام جاری کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سینیٹ کے 26 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کرائے، جن میں رانا محمودالحسن، فوزیہ ارشد، حامد خان، عابد شیر علی، جام سیف اللہ، طلحہ محمود اور مراد سعید شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے 125 ارکان نے بھی گوشوارے جمع نہیں کرائے، جن میں امیر مقام، مبارک زیب، بابر نواز، داوڑ کنڈی، شیخ آفتاب، عبدالقادر گیلانی اور طاہر اورنگزیب کے نام شامل ہیں۔

دیگر اہم ارکان میں موسی گیلانی، طارق بشیر چیمہ، اویس لغاری، نفیسہ شاہ، عبدالغفور حیدری اور اختر مینگل بھی شامل ہیں۔

صوبوں کے لحاظ سے رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی میں 159 ارکان ، سندھ اسمبلی میں 62 ارکان ، بلوچستان اسمبلی میں 26 ارکان اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں 48 ارکان شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ 15 جنوری تک گوشوارے جمع کرائے جائیں، بصورت دیگر 16 جنوری سے ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے اور تمام ارکان کو قوانین کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں